لکھنؤ، یکم فروری(ایس ا ونیوز/آئی این ایس انڈیا ) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی ترجمان راکیش ترپاٹھی نے سماج وادی پارٹی۔ کانگریس اتحاد کو مایوسی اور ناامیدی کا اتحاد بتایا ہے۔ ترپاٹھی نے کہا کہ سیاست میں پالیسی اور نیت بہت معنی رکھتی ہے۔ سماج وادی پارٹی کا عروج غیر کانگریس واد کی پالیسی پر ہوا تھا لیکن لوہیا کے خیالات کے برعکس بی جے پی سے ڈر کر ایس پی نے کانگریس کو گلے لگا لیا۔ ترجمان نے کہا کہ اکھلیش یادو پہلے اپنے ناکام ترقیاتی کاموں کو بیان کرکے دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کا دعوی کرتے تھے لیکن بی جے پی کے بڑھتے اثرات سے گھبرا کر کانگریس کے ساتھ کھڑے ہو گئے۔ کانگریس جس طرح سے وزیر اعلی کا چہرہ دہلی سے ڈھونڈ کر لائی تھی اسی طرح اب اسے 105 سیٹوں پر بھی امیدوار ڈھونڈنے سے نہیں مل رہے ہیں۔ وہ اس میں بھی ایس پی سے ادھار امیدوار لے کر اپنے لوگو پر لڑانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ترپاٹھی نے کہا کہ یہ دو شہزادے ہیں جن کے مال کے ارادے ہیں، ان کا ساتھ ان کے خاندانوں کو ہی پسند نہیں ہے۔ انتخابات سے پہلے ہی اتحاد کی حقیقت کھلتی جا رہی ہیں، کئی سیٹوں پر ایس پی امیدوار اور کانگریس امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ ایس پی سرپرست ملائم سنگھ یادو نے بھی کانگریس کے امیدواروں کے سامنے ایس پی لیڈروں کو الیکشن لڑنے کی ہدایت دی ہے۔اترپردیش کو تبدیلی پسند ہے اور یہ تبدیلی بی جے پی ہی لا سکتی ہے۔